بھارت کے لیے 21-2020 کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ترقیاتی تخمینے پر مرکز کی 'بی جے پی' حکومت پر حملے کو جاری رکھتے ہوئے، کانگریس رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ یہاں تک کہ پاکستان اور افغانستان نے بھی بھارت کے مقابلے میں کورونا وبا کو بہتر طریقے سے سنبھالا ہے۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک گراف شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بنگلہ دیش، میانمار، نیپال، چین، بھوٹان،پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور بھارت کے لیے 21-2020 کے لیے آئی ایم ایف کے اضافے کا تخمینہ دکھایا گیا ہے۔بی جے پی حکومت کے ذریعہ ایک اور ٹھوس کامیابی۔ یہاں تک کہ پاکستان اور افغانستان نے بھارت کی بنسبت کورونا کو بہتر طریقے سے سنبھالا۔
اس گراف سے معلوم ہوتا ہے کہ بھارتی معیشت میں رواں برس بڑے پیمانے پر 10.3 فیصد کی گراوٹ کا اندازہ ہے، جو قابل ذکر ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
گراف سےظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کو اس مالی سال میں جی ڈی پی میں 0.4 فیصد اور 5 فیصد کی کمی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے منگل کو اپنے تخمینے میں کہا کہ بھارتی معیشت، جو کورونا وبا سے بری طرح متاثر ہوئی ہے، اس میں رواں برس 10.3 فیصد کی بڑے پیمانے پر کمی کا اندازہ ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنی تازہ ترین 'ورلڈ اکنامک آؤٹ لک' رپورٹ میں کہا ہے کہ حالانکہ ،2021 میں بھارت کی شرح نمو 8.8 فیصد کے ساتھ واپس آنے کی توقع ہے۔اس طرح یہ سب سے تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت کی صورت حال کو دوبارہ حاصل کررہا ہے۔چین کی ممکنہ شرح نمو8.2 فیصد سے زیادہ ہے۔