امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے دعوی کیا ہے کہ چین نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی جانب بہنے والے دریائے میکانگ کا پانی روک لیا ہے جس کی وجہ سے خطے کے ممالک کو خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مائک پومپیو نے چین سے کہا ہے کہ وہ اس ندی کے آبی ذخائر سے متعلق اپنے اعداد و شمار کو جلد شیئرکرے۔
انہوں نے پیر کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا کہ پانی کے بہاو کو روکنے کے چینی حکومت کے یکطرفہ فیصلے نے خشک سالی کو بڑھا دیا ہے۔ معلومات کے تبادلے کے معاملے پر امریکہ میکانگ ریور کمیشن کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم میکانگ خطے کے ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ چینی حکومت سے اپنے پانی سے متعلق اعداد و شمار شیئر کرنے کے لئے جواب دہی طے کریں۔ یہ ڈیٹا عوام کے سامنے آنا چاہئے۔ اسے سال بھر جاری کیا جانا چاہئے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں پانی سے متعلق اعداد و شمار کے ساتھ ہی زمین کے استعمال اور باندھ کی تعمیر اور آپریشن کا ڈیٹا بھی شامل ہونا چاہئے۔ اس کو میکانگ ریور کمیشن کے ذریعے شیئر کیا جانا چاہئے۔