بنگلہ دیش نے اقوام متحدہ سے جامع سیاسی مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن قائم کرنے اور اسے بحال رکھنے کے واسطے ٹھوس اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ میں بنگلہ دیش کے مستقل مندوب محمد مستفیض الرحمن نے منگل کے روز افغانستان میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 31 ویں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور اسے برقرار رکھنے کے لئے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر مبنی جامع سیاسی مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں ایک اور انسانی آفت کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ بینک نے افغانستان کو دی جانے والی مالی امداد پر روک لگائی
غیر مستحکم افغانستان کو علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے مستفیض الرحمان نے کہا کہ بنگلہ دیش افغانستان کو ایک پرامن، مستحکم، خوشحال، ذمہ دار اور عالمی برادری کے شراکت دار رکن کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے افغانستان کی تعمیر نو اور سماجی و اقتصادی ترقی میں شراکت کے لیے بنگلہ دیش کے عزم کا اعادہ کیا۔
(یو این آئی)