بنگلہ دیش کے سرحدی اضلاع کی انتظامیہ کو ایک مراسلہ جاری کرکے پولٹری پرندوں کے غیر قانونی داخلے پر پابندی لگانے کے لیے کہا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارت فشریز اور مویشی کے سیکریٹری رونق محمود نے کہا کہ 'یہ احتیاطی تدابیر ہیں، اگرچہ اب تک ملک کے کسی بھی ضلع میں برڈ فلو کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے'۔
کچھ ہفتوں قبل، بھارت میں برڈ فلو کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ تازہ ترین خبر کے مطابق، بھارت کی کم از کم 10 ریاستوں میں برڈ فلو پھیل گیا ہے۔ اس کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں پہلے ہی الرٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ برڈ فلو کی وجہ سے ہزاروں مرغیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان: مندر کی حفاظت میں لاپروائی برتنے پر 12 پولیس اہلکار معطل
مسٹر محمود نے کہا کہ ان تمام چیزوں کے مدنظر بنگلہ دیش میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک صورتحال معمول نہیں ہوجاتی، بنگلہ دیش میں پولٹری اور پولٹری مصنوعات کی درآمد پر پابندی برقرار رہے گی۔
الزامات ہیں کہ بطخ، مرغی، انڈے، چوزے اور پرندے بھارت سے بنگلہ دیش اسمگل کیے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرحد پر نگرانی بڑھانے کے لیے وزارت داخلہ امور کو ایک خط بھی ارسال کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش میں پولٹری مارکیٹ پر تقریبا 80 فیصد غیر ملکی مرغیوں کا قبضہ ہے۔ انڈا منڈی کا تقریبا 80 فیصد غیر ملکی پولٹری فارموں سے آتا ہے۔ بنگلہ دیش میں پولٹری فارموں کی تعداد 60،000 سے زیادہ ہے۔