عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کووڈ -19 وبا سے بچنے کے اقدامات جیسے سماجی دوری وغیرہ کے تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے مقبول ٹیلی ویژن کیریکٹر’مسٹر بین‘کو میدان میں اتارا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے غیر سرکاری تنظیم پروجکٹ ایوری ون اور ٹائیگر ایکسپیکٹ پروڈکشن کے ساتھ مل کر کارٹون اسٹار مسٹر بین کو لے کر ایک عوامی بیان تیار کیا ہے جس کے ذریعہ لوگوں کو کووڈ-19 سے بچنے کے لئے بیدار کیا جائے گا۔عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ مسٹر بین کالازمی کووڈ 19 چیک لسٹ لوگوں کو ہاتھ دھونے ،سماجی دوری بنائے رکھنے اور پڑوسیوں کے تئیں بہتر سلوک کے لئے ترغیب دے گا۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریاسس نے کہا کووڈ -19 انسانی زندگی کے ہر حصے کو متاثر کررہا ہے۔اس سے لڑنے کے لئے زندگی کی حفاظت کرنے والی خبریں اشتراک کرنے کے لئے ہمیں سبھی ذرائع اور تمام راستوں کا استعمال کرنا چاہئے۔ میں مسٹر بین کی آواز اور صلاحیت کا استعمال کرنے دینے کے لئے ان کی ٹیم کا احسان مند ہوں۔
اس اعلان کو مسٹر بین کے کردار کو اداکرنے والے رووان اٹکنسن نے آواز دی ہے۔تیس سال پرانا یہ کردار بھارت، برازیل اور انڈونیشیا میں کافی مقبول ہے جہاں کووڈ 19 کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔