جاپان میں زبردست زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے علاقے میں افراتفری مچ گئی، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاع کے مطابق، 140 سے زائد افراد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ جائے وقوع پر راحت رسانی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، جاپان کے فوکوشیما میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 اعشاریہ 3 درج کی گئی ہے۔
چیف کابینہ کے سیکریٹری کاتسونوبو کٹو نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ 140 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے لیکن ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
زلزلے سے میاگی، فوکوشیما، ایباراکی، توگیگی، سیتا اما اور چیبا میں 140 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں، اچھی خبر یہ ہے کہ ابھی تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سونامی الرٹ جاری نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان: گیس ٹینکر پھٹنے سے 500 ٹینکر تباہ، 20 افراد زخمی
زلزلے سے کئی شاہراہیں تباہ ہوگئیں جبکہ سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور 9 لاکھ 50 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے جبکہ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کو کہا گیا ہے۔
زلزلہ سونامی کا سبب نہیں بنا کیونکہ زلزلے کا مرکز سمندر کے نیچے 55 کلومیٹر (34 میل) دور تھا۔