عالمی وبا کورونا وائرس کے شدید بحران سے مبتلا امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 48 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
یہ اطلاع میڈیا رپورٹ نے جمعرات کو دی ہے۔
جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر کے 1،28،044 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 26 لاکھ سے تجاوز کرکے 26،84،416 ہوگئی ہے۔
امریکہ میں سات لاکھ سے زیادہ افراد کورونا انفیکشن سے پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی نیو یارک اور نیو جرسی ریاستیں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی کورونا انفیکشن کے پانچ لاکھ سے زیادہ کیسوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 32 ہزار سے زائد افراد مرچکے ہیں۔
نیو جرسی میں اب تک کورونا انفیکشن کے ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس وبا سے 15000 سے زیادہ افراد کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ میساچوسیٹس، مشی گن، الینوئس، کیلیفورنیا اور پنسلوانیا جیسی ریاستوں میں بھی کووڈ ۔19 کا قہر برپاہے۔
ان سبھی ریاستوں میں کورونا سے چھ ہزار سے زائد مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ امریکہ کے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے منگل کے روز کہا تھا کہ اگر ماسک پہننے اور سوشل ڈسٹنسنگ جیسے دیگر اصولوں پر سختی سے عمل نہ کیا گیا تو امریکہ میں ہر روز کورونا انفیکشن کے ایک لاکھ نئے کیسزسامنے آسکتے ہیں۔