امریکہ نے کووڈ ویکسینیشن کرانے والے غیر ملکی مسافروں کے لیے اپنی سرحدیں بیس ماہ بعد کھول دی ہیں۔ تاہم امریکا داخلے سے قبل لوگوں کو مکمل ویکسین کا سرٹیفیکیٹ یا اس عالمی وبا سے مکمل صحت یابی کا ثبوت فراہم کرنا ہو گا۔
نئے قوانین کے تحت غیر ملکی مسافروں کو پرواز سے قبل ویکسینیشن کا ثبوت پیش کرنا ہوگا، سفر سے تین دن پہلے کورونا ٹسٹ کا منفی نتیجہ حاصل کرنا ہوگا، رابطے کی معلومات متعلقہ حکام کو دینی ہوں گی، ایسے غیرملکی مسافروں کو قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔
امریکی حکومت نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب گزشتہ کچھ ہفتوں سے ملک میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں واضح حد تک کمی نوٹ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
- نیو میکسیکو کے فوجی اڈے بنے افغان مہاجرین کی پناہ گاہ
- امریکہ کی سعودی عرب کے ساتھ ہتھیاروں کی سب سے بڑی ڈیل
- امریکہ نے پیگاسس اسپائی ویئر بنانے والے این ایس او گروپ کو بلیک لسٹ کیا
امریکی سرحدیں ابتدائی طور پر 20 ماہ قبل 2020 کے اوائل میں چین سے آنے والے مسافروں کے لیے بند کر دی گئی تھیں جس کے بعد یہ پابندیاں دیگر ممالک تک بڑھا دی گئیں۔
واضح رہے کہ پابندی امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلاکت خیز کورونا وبا کے پیش نظر 20 مارچ 2020 سے لگائی تھی۔ ایئر لائنز یورپ اور دیگر خطوں سے امریکا جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کی توقع کررہی ہیں۔