امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’دونوں ممالک تمام مسائل کے حل کے لیے براہ راست بات چیت کریں۔ امریکہ ہمیشہ کی طرح ایسے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے'۔
نیڈ پرائس نے بھارت ۔ پاکستان کے مابین جمود کے شکار تجارتی امور سے متعلق پوچھے گئے سوال پر تبصرہ کرنے سے صاف انکار کردیا۔
امریکی وزارت خارجہ نے بھارت اور پاکستان سے سفارت کاری کے ذریعہ ہی مسائل کا حل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔
افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا اور بھارت ۔ پاکستان تعلقات سے متعلق ایک صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر نیڈ پرائس نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت کی امریکہ حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات صرف سفارت کاری سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں۔