امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پنسلوینیا میں صدارتی انتخابات کے دوران پیش آنے والے فراڈ معاملے میں عدالت کے حالیہ فیصلہ کے خلاف اپیل کرے گی۔
ہفتے کے روز ٹرمپ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'پنسلوینیا میں بیلٹ فراڈ بہت بڑا ہے۔ دھوکہ دہی اور دھاندلی اس کیس کا ایک اہم حصہ ہے۔ دستاویزات تیار کی جارہی ہیں۔ ہم اپیل کریں گے'۔
جمعہ کے روز یوایس کورٹ آف اپیلز فار دی تھرڈ سرکٹ نے پنسلوینیا میں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ایک معاملہ میں ٹرمپ کی ٹیم کے قانونی چیلنجز کو مسترد کردیا۔
ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا کہ 'ہمارے پاس پنسلوینیا معاملہ میں عائد الزامات کے حوالہ سے بڑے ثبوت ہیں۔ کچھ لوگ اسے دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ وہ ہمارے ملک کو بچانے کے لئے کچھ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ افسوسناک'۔
دریں اثنا ، ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر قانونی مشیر جینا ایلیس نے کہا کہ صدر کی ٹیم پنسلوینیا معاملہ کو سپریم کورٹ میں لے کر جائے گی۔
پنسلوینیا کے افسران نے اس ہفتے کے شروع میں انتخابی نتائج کی تصدیق کی جس میں جو بائیڈن نے 80،000 سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔