سابق جنرل میٹس نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ملک کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ امریکی صدر احتجاجی مظاہرے کو کچلنے کے لئے فوج کا استعمال کررہے ہیں۔ اس کے بعد امریکی صدر نے یہ بیان دیا ہے۔
ٹرمپ نے ٹویٹ کرکے کہا 'براک اوباما اور میرے اندر ممکنہ ایک ہی بات یکساں ہے کہ ہم دونوں کو دنیا کے سب سے زیادہ اوور ریٹیڈ جنرل جم میٹس کو برخاست کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ جب میں نے ان سے استعفی لیا تو مجھے کافی اچھا لگا تھا'۔
امریکی صدر نے لکھا کہ 'جیمس میٹس کی ترجیحی طاقت فوج نہیں بلکہ نجی رابطہ عامہ تھی۔ میں نے انہیں ایک نئی زندگی دی،کام کرنے کا موقع دیا لیکن وہ کچھ خاص نہیں کر پائے۔ مجھے ان کی قیادت کا طریقہ یا ان میں زیادہ کچھ پسند نہیں آیا اور اس سے زیادہ لوگ متفق ہوں گے۔ خوش ہوں کہ وہ چلے گئے'۔
واضح رہے کہ جنرل میٹس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش میں جٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ پہلے ایسے صدر ہیں جو امریکی لوگوں کوساتھ نہیں بلکہ الگ کرنے کی کوشش کرنے میں لگے ہیں۔ ٹرمپ نے فوج اور عام لوگوں کے درمیان بھی ایک دیوار بنا دی ہے۔