بھارتی نژاد امریکی 25 سالہ خاتون نورین حسن کو فیڈرل ریزرو بینک نیویارک کا نائب صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) مقرر کیا گیا ہے۔ بینک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس تقرری کا اطلاق 15 مارچ سے ہوگا۔ اس تقرری کو بورڈ آف گورنرز اور فیڈرل ریزرو سسٹم نے منظور کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے نائب صدر کی حیثیت سے، حسن نیویارک فیڈ کے دوسرے درجے کی افسر اور فیڈرل اوپن مارکٹ کمیٹی کی متبادل ووٹنگ ممبر ہوں گی۔
نیو یارک فیڈرل بینک کے صدر اور سی ای او جان سی ولیمز نے کہا کہ نورین قیادت (لیڈرشپ) کے پس منظر سے ہیں اور انہوں نے بہت سی ٹیموں کی قیادت کی ہے۔ ان کے پاس مالی تجربہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ نورین اس عہدے پر رہ کر دوسروں کو بھی متاثر کریں گی اور تجربہ کے ساتھ ٹیم کی قیادت کریں گی۔
بیان کے مطابق نورین حسن اس سے قبل مالیاتی خدمات کی صنعت میں مختلف کردار ادا کرچکی ہیں، جو بنیادی طور پر ڈیجیٹل اور کاروباری عمل میں تبدیلی پر مرکوز ہے۔
پچھلے چار سالوں سے وہ مورگن اسٹینلے میں ویلتھ مینجمنٹ کی چیف ڈیجیٹل آفیسر تھیں۔
حسن کے والدین کا تعلق بھارت کی ریاست کیرالہ سے ہے اور وہ امریکہ میں بطور غیر رہائشی بھارتی رہ رہے ہیں۔
بتادیں کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی انتظامیہ میں بہت سے بھارتی نژاد امریکیوں کو جگہ دی ہے۔ اس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھارتی نژاد امریکیوں کا غلبہ بڑھا ہے۔