نسلی امتیاز کے خلاف وہائٹ ہاؤس کے سامنے بڑے عوامی احتجاج میں شامل لوگوں کو منتشرکرنے کے لیے پولیس نے آنسوگیس کے گولے داغے۔ خبروں کے مطابق وہائٹ ہاؤس کے قریب ایک چھوٹے پارک میں پرتشدد جھڑپیں روکنے کے لیے حکام نے آنسو گیس، اسپرے اور دیگر اقدامات کئے۔ کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ چھ دنوں سے جاری احتجاج میں شامل لوگوں کو مقامی دہشت گرد قرار دے کر ان پر لوٹ مار کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ٹوئٹر پر بائیں بازو کی سخت گیر تنظیم انٹیفا کو دہشت گرد قرار دینے کا اعلان کیا اور دعویٰ کیا کہ مظاہرین کودوسری ریاستوں سے آکر فسادات میں ملوث ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے ہفتے مینیسوٹا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ [46] کی پولیس کی حراست میں موت کے بعد احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ خبروں کے مطابق پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ استعمال کرنے کے شبہ میں جارج فلائیڈ کو حراست میں لیا تھا۔ اس گرفتاری کے حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیو میں دکھا گیا تھا کہ پولیس افسر ان جارج فلائیڈ کی گردن دبا رہے ہیں اور اسے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ وہ سانس نہیں لے پارہا ہے۔ فلائیڈ کو بعدازاں مردہ قرار دیا گیا۔