وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں کینیا کے اہم وزیروں کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اتحاد کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ کینیا کی وزیر خارجہ رشیل اومومو کی صدارت میں منعقد اجلاس کے دوران دوطرفہ تعلقات کے متعلق جائزہ لیا گیا۔

اس نشست میں کینیا کی وزیر دفاع مونیکا جوما، کامرس اور انڈسٹری کی وزیر بیٹی سی مینا، انفارمیشن اینڈ بروڈکاسٹنگ کے وزیر جوے میوچیری، وزیر توانائی چارلس کیٹیر، اسسٹنٹ وزیر مالیات نیلسن جی، اسسٹنٹ وزیر صحت راشد عابدی امان اور وزیر داخلہ اینگ کارانجا کیبیچو شامل ہوئے۔
نشست کے بعد جے شنکر نے ٹویٹ کر سینئر وزرا کے قیمتی تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے خیالات، جذبے اور عزم کی تعریف کی۔
اس سے پہلے جے شنکر نے کینیا میں بھارتی برادری کے مختلف طبقات کے ساتھ آن لائن بات چیت کی۔ اس مشرقی افریقی ملک کے ساتھ بھارت کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے جے شنکر وہاں تین روزہ دورے پر ہفتے کے روز پہنچے تھے۔
کینیا میں بھارتی ہائی کمیشن نے اتوار کی رات ٹویٹ کیا کہ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کینیا کے آفیشیل دورے پر آئے ہوئے ہیں اور انہوں نے 13 جون کو کینیا میں بھارتی برادری کے مختلف طبقات کے ساتھ آن لائن بات چیت کی۔ اس میں بتایا گیا کہ میٹنگ کا انعقاد کینیا میں بھارت کے ہائی کمشنر ڈاکٹر ویریندر پال نے کیا۔ کینیا میں بھارتی برادری کے تقریباً 80 ہزار افراد رہتے ہیں، جن میں سے تقریباً 20 ہزار بھارتی باشندے ہیں۔

بھارت اور کینیا دونوں ملک سیکیورٹی کونسل کے ممبر ہیں اور کامن ویلتھ آف نیشن کے بھی رکن ہیں۔ کینیا افریقی یونین کا فعال رکن ہے، جس کے ساتھ بھارت طویل عرصے سے تعلقات ہیں۔