وویک رنجن اگنی ہوتری نے کہا کہ آئندہ فلم او ایم جی 2 میں اکشے کمار کے کردار میں تبدیلی میں لانا جائز نہیں ہے۔ دی کشمیر فائلز کے ہدایتکار کا خیال ہے کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کا کوئی وجود نہیں ہونا چاہیے۔ انڈیا ڈاٹ کام کے ساتھ ایک نئے انٹرویو میں بات کرتے ہوئے وویک نے فلموں اور شوز میں سنسر شپ کی ضرورت پر بھی سوال اٹھایا۔ وویک سی بی ایف سی کے رکن ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ریویونگ کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں اور انہوں نے ابھی 11 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم نہیں دیکھنی ہے۔Vivek Agnihotri on OMG2
واضح رہے کہ فلم کے ٹریلر میں پہلے اکشے کمار کے کردار کو بھگوان شیو کے طور پر متعارف کروایا گیا تھا اب ان کے کردار میں تبدیلی لاتے ہوئے انہیں ہندو بھگوان کے میسینجر بتایا گیا ہے۔ جب وویک سے اکشے کمار کے کردار میں کی گئی تبدیلیوں کے بارے میں پوچھا گیا تھا تب وویک نے پورٹل کو بتایا کہ ' یہ جائز نہیں ہے۔ میں اس سے متفق نہیں ہوں۔ سب سے پہلے اگرچہ میں سی بی ایف سی کا حصہ ہوں، میں اس کے بالکل خلاف ہوں۔ سی بی ایف سی پر فلم میں تبدیلی کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے۔ یہ جو کچھ بھی ہورہا ہے، سماجی اور مذہبی دباؤ کی وجہ سے ہورہا ہے۔
وویک نے مزید کہا کہ اب ہر کوئی سمجھتا ہے کہ سی بی ایف سی ایک کمزور ادارہ ہے جو دباؤ کے سامنے جھک جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ ایک فلم کو 27 کٹس کرنے کو کیوں کہا گیا اور صرف سی بی ایف سی ہی یہ کو اس کا فیصلہ کیوں کرنا چاہیے۔
وویک نے کہا کہ اگرچہ میں سی بی ایف سی کا حصہ ہوں لیکن اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میں ایمانداری سے مانتا ہوں کہ سی بی ایف سی کو ہونا ہی نہیں چاہیے۔ میں فلموں کے کسی بھی قسم کے بائیکاٹ اور پابندی کے خلاف ہوں۔ میں اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں۔ میں حقیقت میں مکمل طور پر اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں، اس حد تک کہ میرے خیال میں نفرت انگیز تقریر دینے کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔ اگر فلمساز کی نیت خراب نہیں ہے تو فلم کو پاس کردینا چاہیے'۔
واضح رہے کہ او ایم جی 2 کو 27 کٹس کے ساتھ سی بی ایف سی کی جانب سے اے سرٹیفکیٹ دے دیا گیا ہے۔ امت رائے کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم او ایم جی 2 اکشے کے ساتھ پنکج ترپاٹھی اور یامی گوتم نظر آنے والی ہیں۔ یہ 2012 کی فلم او ایم جی کا سیکوئل ہے جس میں اکشے نے بھگوان کرشن کا کردار ادا کیا گیا تھا اور پریش راول ایک تاجر کے کردار میں نظر آئے تھے جو بھگوان کے خلاف قانونی جنگ لڑتے ہیں۔ اس نئی فلم میں پنکج کے مقابل یامی کو ایک وکیل کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ اکشے بھگوان شیو کے میسنجر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔