ممبئی (مہاراشٹر): سوشل میڈیا اسٹار عرفی جاوید نے بی جے پی مہاراشٹر مہیلا مورچہ کی ریاستی صدر چترا واگھ کی جانب سے ان کے خلاف درج کرائی گئی شکایت پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بی جے پی رہنما چترا واگھ نے اداکارہ کے کپڑوں کے حوالے سے شکایت درج کرائی ہے۔ بی جے پی لیڈر پر جوابی حملہ کرتے ہوئے عرفی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا کہ 'میں ابھی جیل جانے کے لیے تیار ہوں اگر آپ اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کے اثاثے کا انکشاف کردیں۔ دنیا کو بتائیں کہ ایک سیاستداں کتنا اور کہاں سے کماتا ہے؟ کیا میں بلقیس بانو ریپ کیس کے مجرموں سے بھی زیادہ اس معاشرے کے لیے خطرہ ہوں، جو اب آزاد گھوم رہے ہیں'؟ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ 'آپ کی پارٹی کے متعدد مردوں پر ہراسانی اور چھیڑ چھاڑ کے الزامات ہیں، آپ کو ان خواتین کے لیے کبھی کچھ کرتے نہیں دیکھا‘۔ Urfi Javed hits back at BJP leader
بی جے پی مہیلا مورچہ کی لیڈر پر تنقید کرتے ہوئے عرفی نے کہا کہ 'میرے نئے سال کی شروعات ایک اور سیاست دان کی پولیس شکایت سے ہوئی۔ کیا یہ سیاست داں، اور وکیل بیوقوف ہیں؟ مجھے جیل بھیجنے کے لیے آئین کا کوئی آرٹیکل نہیں لگایا جا سکتا۔ ہر شخص کے لیے فحش کی تعریف مختلف ہوتی ہے'۔ عرفی آخر میں کہتی ہیں کہ 'یہ لوگ صرف میڈیا کی توجہ کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ میرے پاس آپ کے لیے کچھ بہتر آئیڈیاز ہیں چترا واگھ، آپ ممبئی میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کچھ کرنے کے بارے میں کیوں نہیں سوچتی؟ ان غیر قانونی ڈانس بارز کو بند کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟ غیر قانونی جسم فروشی کے خلاف کیوں نہیں کچھ کرتیں جو ممبئی میں تقریبا ہر جگہ موجود ہے؟
بی جے پی پردیش مہیلا مورچہ کی صدر چترا واگھ نے مطالبہ کیا کہ ممبئی پولیس کو عرفی جاوید کے خلاف معاشرے میں فحاشی کو فروغ دینے کے لیے سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ اگر وہ اپنے جسم کی نمائش کرنا چاہتی ہے تو اسے ایک کمرے میں ضرور کرنا چاہیے، لیکن جب وہ کھلے عام لباس پہن کر سرعام گھومتی ہے تو وہ ہماری ہندوستانی ثقافت کو داؤ پر لگا کر مقبولیت حاصل کرتی ہے۔ واگھ نے ممبئی پولیس کمشنر وویک پھانسالکر کو ایک خط لکھا ہے جس میں ماڈل عرفی جاوید کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 'ممبئی میں عوامی مقامات پر خواتین کے جسم کی اس طرح کی توہین آمیز، نفرت انگیز نمائش ہندوستانی ثقافت کی توہین ہے'۔