حیدرآباد: سال 2023 کی ایک اور متنازع فلم دی کیرالہ اسٹوری باکس آفس پر دھیرے دھیرے رفتار پکڑ رہی ہے، تاہم یہ کشمیر فائلز سے پیچھے ہے۔ دی کیرالہ اسٹوری کی باکس آفس پرفارمنس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ متنازع فلم اب تک 2023 میں ریلیز ہونے والی کئی بڑے اسٹارز کی فلموں سے بہتر کام کر رہی ہے۔ The Kerala Story Box Office Day 5
سدیپتو سین کی ہدایتکاری میں بننے والی دی کیرالہ اسٹوری نے اپنی ریلیز کے پانچویں دن (منگل کے روز) ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں 50 کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ انڈسٹری ٹریکر سیکنک کے مطابق کیرالہ اسٹوری نے منگل کو 11 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے، جس سے اس کی کل کمائی 56.72 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ اس فلم کی کمائی کا 29.67 فیصد حصہ ملک کے ہندی بولنے والے علاقوں سے آیا ہے۔
ریلیز کے پانچویں دن فلم کی کمائی درحقیقت چوتھے دن کی مقابلے تھوڑی بہتر ہے۔ کیرالہ اسٹوری، جس میں ادا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، نے ریلیز کے پہلے دن 8.03 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ اس کے بعد ہفتہ کو 11.22 کروڑ روپے، اتوار کو 16.40 کروڑ روپے اور ریلیز کے پہلے پیر کو فلم نے 10.07 کروڑ روپے کے ساتھ اچھی کمائی کی۔ اگرچہ فلم کو اپنے ارد گرد ہونے والے تنازعات کی وجہ سے باکس آفس پر اچھا کاروبار دیکھنے کو مل رہا ہے لیکن یہ اب بھی سال 2022 کی انتہائی متنازعہ فلم دی کشمیر فائلز سے پیچھے ہے کیونکہ اس فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے منگل 18 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔
لوگ دی کیرالہ اسٹوری کو دیکھنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔ اس حقیقت کے باوجود کہ فلم کے ہدایتکار پر حقائق کو غلط طریقے سے پیش کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ مغربی بنگال حکومت کی جانب سے اس پر پابندی عائد کرنے کے ایک دن بعد اتر پردیش حکومت نے منگل کو فلم کو 'ٹیکس فری' قرار دیا۔
پانچ دنوں کے اندر دی کیرالہ اسٹوری نے 50 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا۔ وہیں اجے دیوگن کی فلم بھولا نے 7 دن میں ہی یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ اکشے کمار کی سیلفی 16.85 کروڑ روپے اور کارتک آرین کی شہزادہ 32.20 کروڑ روپے کی کمائی کرپائی تھی۔ ان دونوں فلم کی کل کمائی بھی دی کیرالہ اسٹوری کے مقابلے میں کم ہے۔