حیدرآباد: بالی ووڈ اداکارہ ادا شرما کی فلم دی کیرالہ اسٹوری ریلیز کے بعد سے کافی تنازع میں ہے لیکن فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی ہے۔ سدیپتو سین کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم پہلے ہی 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ انڈسٹری ٹریکر کے مطابق فلم نے اپنے دسویں دن 23 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے جس سے باکس آفس پر فلم کی مجموعی کمائی 136 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ The Kerala Story Box Office
اگر فلم اپنی رفتار کو برقرار رکھتی ہے تو یہ جلد ہی رنبیر کپور اور شردھا کپور کی فلم تو جھوٹی میں مکار کو پیچھے چھوڑ دے گی جو سال کی دوسری سب سے بڑی ہٹ فلم بن کر ابھری ہے۔ بھارت میں تو جھوٹی میں مکار نے تقریبا 177 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز سنیما گھروں میں متنازع فلم کا 54.68 فیصد قبضہ رہا ہے۔
یہ فلم اپنے ٹریلر کے ریلیز سے ہی سرخیوں میں ہے۔ دی کیرالہ اسٹوری میں تبدیلی مذہب کا شکار ہونے والی خواتین کا غلط اعداد و شمار پیش کیے جانے کی وجہ سے فلم تنازع میں تھی۔ فلم کے ٹریلر میں بتایا گیا تھا کہ تقریباً 32 ہزار خواتین کا زبردستی تبدیلی مذہب کیا گیا اور انہیں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس میں شامل کیا گیا۔ تاہم متعدد لوگوں کی جانب سے احتجاج کے بعد فلم میکرز نے 32 ہزار کی تعداد کو گٹھا کر اسے 3 خواتین کی زندگی پر مبنی فلم قرار دیا۔
تنقید کے باوجود دی کیرالہ اسٹوری اب بھی باکس آفس پر کمائی کر رہی ہے اور اب یہ فلم ہٹ فلموں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان اور رنبیر کپور اور شردھا کپور کی رومانوی کامیڈی فلم تو جھوٹی میں مکار کی کامیابی کے بعد دی کیرالہ اسٹوری سال کی اب تک کی تیسری سب سے بڑی ہٹ فلم بن کر ابھری ہے۔ اگر یہ مسلسل شائقین کو اپنی طرف کھینچتی رہے تو وپل شاہ کی جانب سے پروڈیوس کردہ یہ فلم 'تو جھوٹی میں مکار' کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال 2023 کی دوسری سب سے بڑی ہٹ فلم بن جائے گی۔