بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین 15 اگست کو جیو سنیما پر پریمیئر ہونے والی آئندہ سیریز تالی میں شریگوری ساونت کا کردار ادا کریں گی۔ ہفتہ کے روز سیریز کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ جس میں سشمیتا سین کا دمدار اوتار دیکھنے کو مل رہا ہے۔Taali teaser
اس سیریز کی ہدایتکاری نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار روی جادھو نے کی ہے اور اسے ارجن سنگھ بارن اور کارتک ڈی نشاندار نے پروڈیوس کیا ہے۔ شیتیج پٹوردھن نے اسے لکھا ہے۔ یہ ویب سیریز ٹرانسجینڈر کارکن شریگوری ساونت کی زندگی پر روشنی ڈالے گی، جنہوں نے بھارت میں تیسری جنس کو پہچان دلانے کی انتھک کوشش کی۔
ٹیزر کے آغاز میں سشمیتا سین ساڑھی پہنے اور ماتھے پر بندی لگاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔اس کے بعد ہم خواجہ سرا کمیونٹی کے ارکان کو شریگوری ساونت کا کردار ادا کرنے والی سشمیتا کے قدموں کو چھوتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔
پونے میں پیدا ہونے والی شریگوری نے نوعمری میں ہی اپنا گھر چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے 2000 میں سکھی چار چوگی ٹرسٹ کی بنیاد رکھی۔ یہ این جی او خواجہ سرا کمیونٹی کی کاؤنسلنگ کرتی ہے اور محفوظ جنسی تعلقات قائم کرنے کو فروغ دیتی ہے۔ 2014 میں وہ پہلی ٹرانس جینڈر کارکن تھیں جنہوں نے خواجہ سراؤں کے بچہ گود لینے کے حقوق کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔ وہ اس تاریخی کیس میں بھی درخواست گزار تھیں جہاں سپریم کورٹ نے ٹرانس جینڈر کو تیسری جنس کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
سشمیتا سین کو آخری بار سال 2021 میں ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر رام مادھوانی کی تھرلر سیریز آریہ کے سیزن 2 میں دیکھا گیا تھا۔اداکارہ نے سیزن 3 کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے اور اس کا جلد ہی اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر پریمیئر ہوگا۔ آریہ سیزن 3 کی شوٹنگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے بعد سشمیتا نے اداکاری سے بریک لیا تھا۔ تاہم صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے مقبول شو کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی۔