حیدرآباد: بالی ووڈ کے 'دبنگ' اسٹار یعنی سلمان خان کے گھر سے بڑی خبر آرہی ہے۔ سلمان خان کے چھوٹے بھائی اور اداکار سہیل خان اور ان کی اہلیہ سیما خان نے طلاق کی درخواست دائر کر دی ہے۔ سہیل اور سیما کو ممبئی میں فیملی کورٹ کے باہر دیکھا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق شادی کے 24 سال بعد دونوں طلاق لینے جارہے ہیں۔ ابھی تک اس خبر پر دونوں طرف سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں کچھ عرصے سے الگ الگ رہ رہے ہیں۔ Sohail Khan and Seema File for Divorce
کب ہوئی تھی شادی؟
سہیل اور سیما کی شادی سال 1998 میں ہوئی تھی۔ سال 2000 میں اس جوڑے کے گھر پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔ ان کے بڑے بیٹے کا نام نروان ہے،جو سلمان خان کے ساتھ روس میں نظر آئے تھے۔ اس وقت وہ سلمان خان کی فلم 'ٹائیگر 3' کی شوٹنگ سیٹ پر اداکاری کے ہنر سے روبرو ہو رہے ہیں۔
وہیں اس جوڑی نے سروگیسی کے ذریعہ دوسرے بچے یوہان کا استقبال کیا تھا۔ گزشتہ سال خاندان نے یوہان کی 10 ویں سالگرہ منائی تھی۔ واضح رہے کہ جمعہ کو سہیل اور سیما کو ممبئی کے فیملی کورٹ کے باہر دیکھا گیا، جو اپنی اپنی گاڑیوں سے یہاں آئے تھے۔
واضح رہے کہ 51 سالہ سہیل خان نے بالی ووڈ میں کئی فلموں میں کام کیا، لیکن ان کا فلمی کریئر کچھ خاص نہیں رہا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز فلم 'میں نے دل تجھے کو دیا' (2002) سے کیا۔ اس کے ساتھ ہی، اداکار کو آخری بار بڑے بھائی سلمان خان کی فلم 'دبنگ-3' (2019) میں پولیس انسپکٹر کے کردار میں دیکھا گیا تھا۔