راکی اور رانی کی پریم کہانی کے ٹیزر ریلیز کے چند دن بعد اب پروڈکشن ہاؤس دھرما موویز نے فلم سے نئی تصاویر شیئر کی ہیں۔ اس میں عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ، دھرمیندر، شبانہ اعظمی اور جیا بچن سمیت تمام اہم اداکاروں کی تصاویر شامل ہیں۔ تاہم ان تصاویر کو غور سے دیکھا جائے تو آپ کو فلم کی کہانی کے حوالے سے اشارہ ملے گا۔ دھرمیندر اور شبانہ کی تصویر دیکھ کر فلم کی کہانی سے متعلق اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ Rocky Aur Rani Kii Prem Kahaani
تصویر میں دھرمیندر کو سرخ رنگ کے مفلر پکڑے ماضی کے پنے میں کھویا دیکھا جاسکتا ہے۔ وہیں ایک اور تصویر میں شبانہ سرخ ساڑی میں ملبوس اپنے ہاتھ میں وہی سرخ مفلر کو سینے سے لگائے اپنی سوچ میں گم مسکراتی نظر آرہی ہیں۔ حالانکہ فلم میں ان دونوں کا کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ دھرمیندر نے راکی کے دادا کا کردار ادا کیا ہے اور شبانہ نے رانی کی دادی کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں رنویر راکی رندھاوا اور عالیہ رانی چٹرجی کے کردار میں نظر آئیں گے۔
پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے شیئر کردہ دیگر تصاویر میں جیا بچن کو نیلے سلوار سوٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ دھرمیندر کی بیوی اور رنویر کی دادی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہیں رنویر کی ڈانس کرتے ہوئے ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے۔ عالیہ کو پیلے رنگ کی شفون ساڑی میں دیکھا جاسکتا ہے۔ عالیہ اور رنویر کی دو رومانوی تصاویر بھی ہیں۔ جس میں ایک تصویر میں دونوں سفید لباس میں نظر آرہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں رونیر گرین جیکٹ اور عالیہ گلابی ساڑی میں نظر آرہی ہیں۔ ایک اور تصویر میں دھرمیندر رنویر کی پیشانی کو بوسہ دیتے نظر آرہے ہیں۔
راکی اور رانی کی پریم کہانی کرن جوہر کی سال 2016 کی فلم اے دل ہے مشکل کے بعد بطور ہدایتکار دوسری فلم ہے۔ یہ فلم کرن جوہر کی فلم انڈسٹری میں 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ریلیز ہورہی ہے۔ یہ 28 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔