پوجا بھٹ اور رتیش دیش مکھ کے بعد اداکارہ ریا سین جمعرات کو مہاراشٹر میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئیں۔Riya Sen Joins Bharat Jodo Yatra راہل گاندھی اور دیگر نے آج پٹور سے مہاراشٹرا یاترا کا دوبارہ آغاز کیا۔ اس دوران ریا کو راہل گاندھی کے ساتھ چلتے ہوئے دیکھا گیا۔ اداکارہ کو ایک پرنٹیڈ نارنجی و سرخ رنگ کے کرتے کے ساتھ ڈینم جینز میں ملبوس دیکھا گیا۔ اس سے قبل پوجا بھٹ اور رتیش دیش مکھ کے علاوہ ٹیلی ویژن اداکار سشانت سنگھ کو راہل گاندھی کے ساتھ چلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
ریا سین کافی عرصے سے سینما سے دور ہیں۔ انہوں نے ہندی فلمیں کی ہیں جن میں 'اسٹائل'، سُجوئے گھوش کی میوزیکل ڈرامہ فلم 'جھنکار بیٹس'، 'دھوم'، اجے دیوگن کی 'قیامت: سٹی انڈر تھریٹ' اور دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ریا کا تعلق ایک فلمی گھرانے سے ہے۔ ان کی دادی سچترا سین، والدہ مُنمن سین اور بہن رائما سین سبھی اداکارہ رہ چکی ہیں۔ ریا صرف 16 سال کی تھیں، جب انہیں سال 1998 میں فالگنی پاٹھک کے گانے 'یاد پیا کی آنے لگی' کے میوزک ویڈیو میں دیکھا گیا تھا۔
اس مہینے کے شروع میں پوجا بھٹ نے راہل گاندھی کے ساتھ اپنی بھارت جوڑو یاترا کی تصاویر اور ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
راہل کی یہ یاترا مہاراشٹر میں داخل ہونے سے پہلے ہی تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک، آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے کچھ حصوں کا احاطہ کر چکی ہے۔ راہل گاندھی مہاراشٹر کے پانچ اضلاع میں 15 اسمبلی اور 6 پارلیمانی حلقوں کا سفر کریں گے اور 382 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔
بھارت جوڈو یاترا، جو 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوا اور اب راہل کو مزید 2 ہزار 355 کلومیٹر کا فاصل طئے کرنا ہے۔ یہ یاترا آئندہ سال کمشیر میں ختم ہوگی۔ کانگریس نے پہلے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ ہندوستان کی تاریخ میں کسی بھی ہندوستانی سیاستداں کی طرف سے پیدل چلنے والا سب سے طویل مارچ ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کو ملک بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی حمایت مل رہی ہے اور اس کا ردعمل دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ راہل گاندھی کے ساتھ پارٹی کے تمام رکن پارلیمان، لیڈر اور کارکن کنٹینر میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ کچھ کنٹینرز میں سونے کے بستر، بیت الخلا اور اے سی بھی نصب ہیں۔ مقامات کی تبدیلی کے ساتھ شدید گرمی اور نمی کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سال کے اوائل میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس یاترا کو انتخابی لڑائیوں میں جیت حاصل کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: Bharat Jodo Yatra اداکارہ پوجا بھٹ بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئیں