مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے گڑی پڈو کے موقع پر ممبئی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نغمہ نگار اور مصنف جاوید اختر کے ذریعہ پاکستان میں ایک تقریب کے دوران 26/11 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں پر دیے گئے ان کے بیان کی تعریف کی۔ Raj Thackeray Praises Javed Akhtar
یہ ریلی بدھ کو دادر کے چھترپتی شیواجی مہاراج پارک میں منعقد ہوئی۔ اپنی تقریر کے دوران راج ٹھاکرے نے کہا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ جاوید اختر جیسے اور بہت سے لوگ ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ بھارتی مسلمان پاکستان کے خلاف بولیں اور انہیں ہماری طاقت بتائیں۔ جاوید اختر نے کچھ ایسا ہی کیا ہے اور میں ان جیسا مسلمان چاہتا ہوں'۔
راج ٹھاکرے کے علاوہ کنگنا رناوت سمیت کئی دوسرے لوگوں نے جاوید اختر کو اپنے دل کی بات کہنے پر سراہا ہے۔ جاوید نے لاہور میں مشہور اردو شاعر فیض احمد فیض کے اعزاز میں منعقدہ فیض فیسٹیول میں شرکت کی تھی جہاں ان سے پوچھا گیا کہ کہ بھارتی تمام پاکستانیوں کو دہشت گرد سمجھتے ہیں، جس کے جواب میں جاوید اختر نے کہا کہ ' 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے مجرم پاکستان میں آزاد گھوم رہے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'حملہ آور ناروے یا مصر سے نہیں تھے، وہ اب بھی آپ کے ملک میں موجود ہیں، اس لیے اگر کوئی بھارتی یہ شکایت کرے تو آپ کو ناراض نہیں ہونا چاہیے'۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت ماضی میں متعدد پاکستانی فنکاروں کی میزبانی کر چکا ہے، پاکستان نے کبھی گلوکارہ لتا منگیشکر کی میزبانی نہیں کی۔