باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد شاہ رخ خان کی فلم پٹھان گزشتہ ہفتے او ٹی ٹی پر ریلیز ہوگئی ہے۔ سدھارتھ آنند کی فلم، جس میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی ہیں، دنیا بھر میں 1046 کروڑ کی کمائی کرنے کے ساتھ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔ حال ہی میں پاکستانی اداکار سے اسکرین رائٹر بنے یاسر حسین نے فلم پٹھان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور بتایا ہے کہ 'یہ ایک بغیر کہانی والی ویڈیو گیم' ہے۔
جمعہ کے روز یاسر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر آپ مشن ایمپوسبل 1 بھی دیکھ چکے ہیں تو شاہ رخ خان کی پٹھان آپ کو ایک اسٹوری لیس ویڈیو گیم سے زیادہ کچھ نہیں لگے گی'۔
پٹھان کا 22 مارچ کو پرائم ویڈیو پر ڈیجیٹل پریمیئر ہوا تھا۔ یہ ایکشن فلم 25 جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ شاہ رخ نے فلم پٹھان میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، جو ایک را کے ایجنٹ ہیں۔ فلم میں جان ابراہم نے ویلن کا کردار ادا کیا ہے اور دیپیکا ایک آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کرتی ہیں، جو ایک مشن میں پٹھان کی مدد کرتی ہیں۔
وہیں یاسر حسین پاکستانی چینل ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام 'دی آفٹر مون شو' کی میزبانی کے لیے مشہور ہیں۔ ٹی وی اور تھیٹر اداکار نے پاکستانی فلم کراچی سے لاہور (2015) سے اپنی فلمی کرئیر کی شروعات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے جھوٹی اور بادشاہ بیگم جیسے کئی ٹیلی ویژن ڈرامے بھی کیے۔ انہوں نے مشہور پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز سے شادی کی ہے۔