حیدرآباد: مشہور اداکار منوج باجپائی ان چند آؤٹ سائڈر میں سے ایک ہیں جو ہندی فلم انڈسٹری میں اپنی ایک منفرد شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ منوج کی ہی طرح سشانت سنگھ راجپوت نے ہندی فلم انڈسٹری میں ایک آؤٹ سائڈر کے طور پر قدم رکھا اور اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کی بے پناہ محبت حاصل کی۔ دونوں اداکار نے ایک ساتھ فلم سونچیریا میں بھی کام کیا۔ سشانت سنگھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے منوج نے حالیہ ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ فلم انڈسٹری کے سیاست کو سنبھال نہیں سکے۔
منوج نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ کس طرح سوشانت کی موت نے انہیں ذاتی طور پر متاثر کیا دونوں نے ابھیشیک چوبے کی ہدایتکاری میں بننے والی سال 2019 کی فلم سونچیریا میں کام کیا تھا اور اس فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان ایک مضبوط رشتہ بھی قائم ہوا تھا۔ منوج نے بتایا کہ جب وہ ایک ساتھ کام کر رہے تھے تب سشانت نے ان سے اپنے 'چیلنجز' کے بارے میں کھل کر بات کی لیکن انہوں نے کبھی بھی یہ نہیں سوچا تھا کہ نوجوان اداکار اتنا سخت قدم اٹھائے گا۔
باجپائی نے کہا کہ سشانت نے ان سے اس بارے میں بات کی کہ انڈسٹری کی سیاست اور جانبداری انہیں کس طرح متاثر کر رہی ہے۔ منوج کہتے ہیں کہ ' انڈسٹری میں سیاست ہمیشہ ہوتا ہے لیکن جب آپ کامیابی کی سیڑھی پر چڑھتے ہیں تو یہ مزید گندا ہوتا جاتا ہے۔ مجھے اس سے کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا کیونکہ میں ضدی اور موٹی چمڑی کا تھا۔ لیکن وہ ایسا نہیں تھا اور اس طرح وہ دباؤ کو سنبھال نہیں سکا۔ اس نے مجھ سے بات کی تھی ان چیزوں کے بارے میں جس کی وجہ سے وہ فکرمند تھا کیونکہ یہ سب چیزیں اسے متاثر کر رہی تھیں'۔
جب منوج سے پوچھا گیا کہ کیا سشانت اقرباپروی کا شکار تھا؟ تب منوج نے کہا شاید نہیں۔ 54 سالہ اداکار نے کہا کہ سشانت اسٹار بننا چاہتے تھے لیکن یہ نہیں جان سکے کہ سسٹم کیسے کام کرتا ہے۔ 'اگر آپ منوج باجپائی بننا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو کوئی سیاست کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن وہ ایک اسٹار بننا چاہتے تھے اور یہ بننے کے لیے آپ کے سامنے ایک سخت مقابلہ ہے۔ جو بھی اسٹار بننے کے لیے میدان میں آتا ہے وہ اس پوزیشن کو حاصل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔ میں نے محسوس کیا ہے کہ وہ ایک پاکیزہ روح تھا اور اندر سے بچہ تھا وہ اس ہیرا پھیری کو نہیں سمجھ سکتا تھا جس کی ضرورت تھی'۔
سال 2020 میں سشانت کے انتقال نے ہندی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کی بحث کو شروع کردیا تھا۔ اداکار 14 جون 2020 کو اپنے ممبئی اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔ ابتدائی طور پر ایس ایس آر کی موت معاملے کی تحقیقات ممبئی پولیس نے کی تھی لیکن بعد میں اسے سی بی آئی کو منتقل کر دیا گیا جو ابھی تک اس بارے میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پایا ہے۔