حیدرآباد: اکشے کمار اور مس ورلڈ(2017) مانوشی چھلر کی پہلی ہندی فلم پرتھوی راج 3 جون کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل ہی ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ دراصل، ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ اس فلم کو دیکھیں گے۔ اس کی جانکاری فلم کے ڈائریکٹر چندر پرکاش دویدی نے شیئر کی ہے۔ ہدایت کار نے بتایا کہ ایک جون کو وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے فلم کی خصوصی اسکریننگ رکھی جائے گی۔ اس فلم میں اکشے کمار بادشاہ پرتھوی راج کے کردار میں نظر آئیں گے۔ Prithviraj Special Screening for Amit Shah
![وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے فلم پرتھوی راج کی خصوصی اسکریننگ](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/15379031_1.jpg)
فلمساز نے ایک بیان میں بتایا کہ 'یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ جی ملک کی تاریخ کے سب سے بہادر بیٹے، بادشاہ پرتھوی راج چوہان کی شاندار زندگی پر بننے والی فلم کے گواہ بننے جا رہے ہیں، جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کی۔ فی الحال اس بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے فلم پرتھوی راج کی اسکریننگ کہاں رکھی گئی ہے۔ واضح رہے کہ دویدی سال 1991 میں نشر ہونے والے ٹی وی شو ' چانکیہ' اور سال 2003 میں آئی فلم 'پنجر' کی ہدایتکاری کے لیے مقبول ہیں۔
فلم کے حوالے سے تنازع
فلم کو ریلیز ہونے میں ایک ہفتہ باقی ہے لیکن فلم ابھی بھی تنازعات کا شکار ہے۔ دراصل راجستھان میں گجر براداری نے' پرتھوی راج' کی اسکریننگ کو روکنے کی دھمکی دی تھی اور اب کرنی سنیا فلم کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ کرنی سینا نے اکشے کمار کی فلم کا ٹائٹل تبدیل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ کرنی سینا نے فلم کا نام 'پرتھوی راج' سے بدل کر 'سمراٹ پرتھوی راج چوہان' کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔