اب عظیم اتحاد میں شامل ہندوستانی عوام مورچہ کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی نے یہ کہہ کر سنسنی پھیلا دی کہ 2020 میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں عظیم اتحاد کا رہنما ابھی تک متیعن نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ تیجسوی پرساد یادو آر جے ڈی کے رہنما ہو سکتے ہیں تاہم وہ ابھی عظیم اتحاد کے رہنما نہیں ہیں۔
پٹنہ میں مانجھی نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے لیے ابھی رہنما یا عظیم اتحاد کی جانب سے وزیراعلی عہدے کا امیدوار منتخب نہیں ہوا۔
عظیم اتحاد میں شامل سبھی پارٹیوں کے رہنما بیٹھ کر اس پر کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔ 2020 کا اسمبلی انتخاب تیجسوی یادو کی رہنمائی میں لڑنےکے سوال کے جواب میں کہا کہ تیجسوی آر جے ڈی کے رہنما ہو سکتے ہیں، سبھی پارٹیوں کے اپنے رہنما ہوتے ہیں، تاہم وہ عظیم اتحاد کے رہنما نہیں ہو سکتے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں شکست کے بعد سابق وزیراعلی رابڑی دیوی کے گھر پر آر جے ڈی کی صدارت میں میٹنگ ہوئی، جس میں یہ طے ہوا کہ تیجسوی بطور رہنما برقرار رہیں گے۔
اس میٹنگ میں کانگریس کا کوئی رہنما موجود نہیں تھا۔ یہ میٹنگ بہار کی سابق وزیراعلی اور لالوپرساد یادو کی اہلیہ رابڑی دیوی کے گھر پو منعقد ہوئی تھی۔