آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم کے چنتاپلی اور جی کے ویدھی منڈلوں کے پہاڑی علاقوں میں سیب کی کاشت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اس تلگو ریاست کے ویزاگ ایجنسی علاقہ کے سطح سمندر سے تقریبا 1200میٹر اونچے چنتاپلی، جی کے ویدھی، پاڈیرو اور ارکو وادیوں میں سیب کی کاشت ہورہی ہے۔
لمباسنگی کو اے پی کا کشمیر کہا جاتا ہے ۔ یہ علاقہ اپنے درجہ حرارت کے لئے مشہور ہے۔ اس ہل اسٹیشن میں سرما کے مہینہ میں کافی کم درجہ حرارت ہوتا ہے۔ ویزاگ ایجنسی علاقہ میں سیب کی دو اقسام کی کاشت کی جارہی ہے۔
کسانوں نے کہا کہ ویزاگ کے سیب کافی رسیلے ہوتے ہیں۔ ویزاگ ایجنسی کے ماڈیم قبائلی علاقہ کے باغات میں ہر درخت پر 30 تا 40 سیب نظر آرہے ہیں۔ چند ماہ قبل انٹی گریٹیڈ ٹرائبل ڈیولپمنٹ ایجنسی (آئی ٹی ڈی اے) پاڈیرو نے بعض کسانوں کو تجرباتی طورپر سیب کے تخم فراہم کئے تھے۔
ہارٹی کلچر آفیسر جی پربھاکر راو نے کہا کہ اس سال ان درختوں میں بہتر سیب ہوئے ہیں۔ ہر سیب کا وزن 350 تا 400 گرام ہے۔ ان کا مزہ بھی کافی بہتر ہے۔ ویزاگ میں فی الحال 60 تا 70 ایکڑ اراضی پر سیب کی کاشت کی جارہی ہے۔