عدالت عظمی نے منگل کو اے پی پولیوشن کنٹرول بورڈ،وشاکھاپٹنم کے ضلع کلکٹر، سنٹرل پی سی بی اور مرکز کو نوٹس جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ اس خصوص میں عدالت میں کمپنی نے عرضی داخل کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم کے آر آر وینکٹ پورم علاقہ میں پیش آئے اس سانحہ کی جانچ کے لئے سات کمیٹیوں کی تشکیل پر اعتراض کیا۔
عدالت نے کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ نیشنل گرین ٹریبونل کو یہ کہے کہ پہلے ہی اس معاملہ کی جانچ کے لئے اے پی ہائی کورٹ کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملہ پر غور کر رہی ہے۔ چونکہ ہائی کورٹ نے سب سے پہلے اس معاملہ پر مداخلت کی تھی اسی لئے نیشنل گرین ٹریبونل پر زور دیا جائے کہ عدالت کی جانب سے دستوری اتھارٹی تشکیل دی گئی ہے۔
جسٹس یویو للت کی زیر قیادت تین رکنی بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کی۔ کمپنی کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے سینئر وکیل مُکل روہتگی نے کہا کہ قومی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،وزارت ماحولیات و جنگلات کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ کتنی کمیٹیاں اس معاملہ کی جانچ کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ عرضی گذار نے این جی ٹی کی ہدایت پر 50کروڑ روپئے کی رقم جمع کروا دی ہے۔انہوں نے کہاکہ کمپنی کوئی بھی کارروائی میں رکاوٹ پیدا نہیں کررہی ہے اور نہ ہی ادائیگیوں میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔
اس معاملہ میں سات کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ایک ہائی کورٹ اور ایک مرکزی حکومت کی کمیٹی بھی اس میں شامل ہے۔ان کے دلائل کی سماعت کے بعد بنچ نے کہا کہ چونکہ ہائی کورٹ نے پہلے کمیٹی تشکیل دی ہے،ایل جی پالی مرس یکم جون کو اس بات سے نیشنل گرین ٹریبیونل کو واقف کروائے۔یکم جون کو ٹریبیونل اس معاملہ کی سماعت کرنے والا ہے۔