آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے ودادری گاؤں کے قریب بدھ کے روز ایک سڑک حادثہ میں 9 خاتون اور ایک چھ سالہ بچی سمیت کل 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
حادثہ تیز رفتار لاری اور ٹریکٹر میں زبردست تصادم سے ہوا۔ تمام لوگ ٹرکٹر کے ٹریلر میں سوار تھے۔
سبھی 27 افراد ٹرکٹر ٹریلر پر سوار ہو کر وجے واڑہ سے 75 کیلو میٹر کے فاصلے پر مشہور لکشمی نرسمہا سوامی مندر سے پوجا کر لوٹ رہے تھے۔
حادثہ کے شکار افراد تیلنگانہ کے ضلع کھمان کے پیڈا گوباورم اور آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع کے باشندے ہیں، جو مندر میں پوجا کرنے گئے تھے۔
لاری کافی تیر رفتار سے آ رہی تھی اور تصادم اتنا زبرست ہوا کہ ٹریکٹر اور ٹریلر سڑک سے اتر گیا اور ٹریلر مکمل طور پر الٹ گیا، جس سے 7 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ پانچ دیگر افراد نے اسپتال میں دم توڑا۔
جگگیہائپیٹ اسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے وجئے واڑہ اور کھمم کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
آندھرا پردیش کے گورنر بسو بھوشن ہریچندن اور وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
جنا سینا پارٹی کے صدر کے پون کلیان نے کہا کہ یہ حادثہ چونکانے والا ہے اور انہوں نے اظہار تعزیت کیا۔
ایک بیان میں انہوں نے ٹرانسپورٹ اور پولیس حکام سے اپیل کی کہ وہ سڑک کے حفاظتی اقدامات کو سختی سے نافذ کریں کیونکہ لوگ خاص طور پر دیہی علاقوں میں تیز رفتار لاریوں اور ریت کے ٹیپرس سے پریشان ہیں۔