بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع وارانسی میں دو صفائی ملازمین کی سیور صاف کرتے ہوئے دم گھٹنے سے موت ہوگئی۔
دونوں کی شناخت راجیش پاسوان اور جندن کے طور پر ہوئی ہے۔
دونوں کو وارانسی کے پانڈے پور علاقے میں سیور کو صاف کرنے کے لیے بلایا گیاتھا۔ صفائی ملازمین چار فٹ گہرے مین ہول میں اترے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیور کے مین ہول کے پاس ہی ملبہ جمع ہوا تھا جسے وہ صاف کر رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد دونوں لاپتہ ہو گئے۔
موقع پر موجود لوگوں کو جب وہ دونوں کارکنان نظر نہیں آئے تو انہوں نے پولیس کو بلایا۔ اس کے بعد قومی آفت راحتی فورس (این ڈی آر ایف) نے ریسکیو آپریشن جاری کیا۔ این ڈی آر ایف کو دونوں ملازمین کی لاش ڈھونڈھنے میں تقریباً چھ گھنٹے لگ گئے۔
اس معاملے میں مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے صفائی کارکنان کو حفاظت کے لیے ضروری اشیاء دستیاب نہیں کرائی ہے۔ اس حادثے کے بعد علاقائی لوگوں نے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا۔
پولیس نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔