ریاست اترپردیش کے ضلع بنارس میں دریائے گنگا میں ہزاروں ملاح کشتی چلا کر اپنے اخراجات کو مکمل کرتے ہیں، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ تین ماہ سے کشتیاں بند ہیں اور آنے والے برسات کے موسم میں بھی تین ماہ تک کشتیاں بند رہیں گی ایسے میں ملاحوں کو شدید مالی مشکلات کا خدشہ تھا۔
ای ٹی وی بھارت اردو نے 19 جون کو ملاحوں کی خبر کو ترجیحی طور پر نشر کیا اور ان کے مسائل کو پر زور طریقے سے اٹھایا جس کے نتیجے میں ریاست کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملاحوں سے بات چیت کیا اور حالات دریافت کیا۔ اس کے بعد 22 تاریخ کو بنارس ضلعی انتظامیہ نے ملاحوں کو کشتی چلانے کی اجازت دے دی ہے جس سے نہ صرف ملاح خوش ہیں بلکہ ای ٹی وی بھارت کا بھی شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
ملاح دپیک نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنارس میں ملاحوں کا کاروبار سیاحوں پر منحصر ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد سے بنارس میں سیاحوں کی آمد نہیں رہی جس سے کاروبار شدید متاثر ہوا ہے لیکن علاقائی افراد بنارس کا رخ کر رہے ہیں جو امید کی ایک کرن ہے۔