مدارس عربیہ کی نوعیت دیگر تعلیمی اداروں سے قدرے مختلف ہے، یہی وجہ ہے کہ بیشتر مدارس کے ذمہ داران مدارس کے لیے واضح گائیڈ لائن کا انتظار کررہے ہیں۔
ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ اترپردیش کے جنرل سکریٹری مولانا دیوان زماں نے کہا کہ حکومت نے ان لاک 5 کی گائیڈ لائن میں تعلیمی ادارے کھولنے کی بات کہی ہے۔ اسی کے تحت مدارس کھولے جائیں گے لیکن ضلع انتظامیہ کی جانب سے کچھ مزید شرائط جاری کیے جاتے ہیں تو اس پر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ مدارس کی نوعیت دیگر تعلیمی اداروں سے مختلف ہے لیکن کورونا وائرس سے بچنے والے احتیاطی تدابیر کے ساتھ مدارس کھولے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کسی نئے گائیڈ لائن کا انتظار نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
نیٹ 2020 کے نتائج کا اعلان
انہوں نے کہا کہ مقامی طلبہ کے لیے کوئی مشکل نہیں لیکن دور دراز علاقوں سے آنے والے طلباء کو کورونا وائرس سے بچتے ہوئے تعلیمی سلسلہ شروع کرنا ہوگا۔
وہیں بنارس کے مدرسہ فاروقیہ کے پرنسپل مولانا طیب نے بتایا کہ طویل مدت کے بعد مدرسہ کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور طلباء کے والدین سے مسلسل رابطہ کیا جارہا ہے لیکن والدین ابھی اپنے بچوں کو مدرسہ بھیجنے کے لیے تیار نہیں ہو رہے ہیں۔ اس کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ مہلک بیماری کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دور دراز علاقوں سے مدارس آتے وقت یا مدارس سے گھر جاتے وقت بھی طلباء اس کے شکار ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں مدارس کھولنے کی تیاری ضرور ہو رہی ہے لیکن کتنے تعداد میں طلباء مدارس کا رخ کریں گے، ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا ہے۔