ریاست اترپردیش کے ضلع مئو میں بنکاری کی صنعت کو لاک ڈاون کی وجہ سے کافی زیادہ نقصان اٹھانا پڑرہا ہے جس کی وجہ سے بنکر اب اپنے گھر کا خرچہ بھی بمشکل ہی نکال پارہے ہیں۔
مئو کے چھوٹے بنکر روزآنہ متعدد اقسام کی ساڑیاں تیار کرکے بڑے بڑے کاروباریوں کو فروخت کرتے تھے لیکن لاک ڈاون میں کام بند ہونے سے یہ بنکر معاشی اعتبار سے کافی زیادہ کمزور ہو گئے ہیں۔
مئو کے کچھ علاقوں میں چھوٹے بنکروں کی حالت اتنی زیادہ خراب ہوگئی ہے کہ ان کے پاس ضروری اشیاء خریدنے کے لیے بھی رقم نہیں ہے جس کا سب سے زیادہ اثر بنکر اکثریت والے علاقے کے دکانداروں پر پڑرہا ہے۔
بنکروں کے علاوہ دوکاندار اس وجہ سے پریشان ہیں کہ ان کے سامان کی خریرداری بہت کم ہوگئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ جب محلے کے لوگ سامان نہیں خریدیں گے تو ہمارا کاروبار کیسے چلے گا۔
بنکروں کی شکایت ہے کہ حکومت عوام کو بہت ہی کم سہولت فراہم کرارہی ہے جبکہ اشتہار زیادہ کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے اناج کی مقدار اتنی کم رہتی ہے کہ اس سے پورے خاندان کا پیٹ پالنا کافی مشکل کام ہے۔