مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے ملاڈ علاقے میں جمعہ کی شام ایک گھر میں آگ لگ گئی۔ اچانک آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم گھر کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ملاڈ کے وارڈ نمبر چار کے چرولا میں رہنے والے وجے دیپ کے بیٹے نریندر شرما کے گھر میں آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی گھر کے لوگ بحفاظت باہر نکل آئے۔
اہل خانہ کے شور مچانے پر گاؤں کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے اور اندر سے سامان کو باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن آگ پھیلنے کی وجہ سے زیادہ سامان باہرل نہیں نکال سکے۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے عملے موقع پر پہنچ گئے۔ عملے کی جد و جہد کے بعد جلد ہی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تاہم تب تک گھر کا تمام سامان جل کر راکھ ہو چکا تھا۔
مزید پڑھیں:ادھمپور: بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کا پاکستان کے خلاف احتجاج
گھر کی مالکن سپنا شرما نے بتایا کہ شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے باعث گھر میں رکھی الماری، فریج، بستر، کپڑے اور تمام سامان جل کر راکھ ہو گئے۔ یہاں تک کہ سونے چاندی کے کچھ زیورات اور کچھ نقدی اور بچوں کے مستقبل کے لیے جمع کیا گیا سامان اور چیزیں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ آگ سے متاثرہ خاندانوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔