ادھمپور: جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں کل شام قومی شاہراہ جکھینی ادھم پور میں پولیس گاڑیوں کی چیکنگ کررہی تھی، تبھی ایک انیوا کار کشمیر سے جموں کی طرف آرہی تھی، اسی کار کی جب چیکنگ کی گئی تو اس گاڑی سے سات کلو ہیروئن ضبط کی گئی، اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دونوں ملزمین میاں بیوی ہیں، جن کا تعلق ریاست پنجاب سے ہیں۔ ان کا نام لوپریت سنگھ اور مندیپ کور ہے۔ دونوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ضبط کی گئی ہیروئن کی قیمت 40 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے اور ان دونوں کے پاس سے ایک لاکھ دس ہزار روپے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ادھم پور ڈاکٹر ونود کمار نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں شوہر اور اس کی بیوی کو کل شام قومی شاہراہ جکھینی ادھم پور سے گرفتار کیا گیا، اور یہ شخص متعدد مرتبہ کشمیر جاچکا ہے، لیکن اس مرتبہ یہ منشیات کی بڑی کھیپ لارہا تھا، اور جب پولیس نے گاڑی کی جانچ کی تو اس میں سے 7 کلو کے قریب ہیروئن ضبط کی گئی۔ وہیں پولیس نے بتایا کہ جانچ جاری ہے، یہ پتہ لگایا جارہا ہے کہ اس معاملے میں اور کون کون لوگ ملوث ہیں، حالانکہ اس شخص نے بتایا کہ اسے کسی نے پنجاب سے ہیروئن لانے کے لیے کہا تھا، اسی لیے اسے پیسہ بھی دیا گیا تھا۔