نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح میں روز بہ روز ہوتے جارہے بے تحاشہ اضافے پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر زمین و آسمان کے قلابے ملانے کے کتنے ہی جھوٹے دعوے کیوں نہ کرے لیکن زمینی سطح کے اعداد و شمار سے حکومتی پروپیگنڈا ریت کی دیوار ثابت ہوجاتا ہے۔'
نیشنل کانفرس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ آج تک مرکز جموں وکشمیر سے متعلق بے روزگاری سے متعلق غیر سرکاری رپورٹز کی نفی کرتا آیا ہے لیکن آج حکومت ہند کی وزارت شماریات اور پروگرام نے اپنی تازہ ترین میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں پڑھے لکھے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 46.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور جموں وکشمیر بے روزگاری کے معاملے میں پورے ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں خواتین میں بے روزگاری کی شرح 67.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3سال سے جموں وکشمیر کو اندھیروں میں دھکیلنے کا سلسلہ دن رات جاری رکھا گیا ہے اور جان بوجھ کر نوجوان کُش پالیسیاں اپنائی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور باہری دنیا کو دکھانے کے لیے گذشتہ 3برسوں سے لگاتار 60 ہزار سریع الرفتار سرکاری ملازمتیں دینے کے اعلانات کیے جارہے ہیں، لیکن اُلٹا یہاں کے ملازمین کو نوکریاں سے برطرف کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت سطح پر دعوے کیے جارہے ہیں کہ یہاں سرمایہ کاری ہوگی اور 5لاکھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے لیکن گذشتہ 3سال سے یہاں ایک بھی سرمایہ کاری دیکھنے کو نہیں ملی۔
این سی ترجمان نے کہا کہ بے روزگاری کے لحاظ سے جموں وکشمیر میں پڑھے لکھے نوجوانوں میں بے روزگاری کی اتنی زیادہ شرح حکمرانوں اور گذشتہ 3سال سے جاری مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی، امن و قانون کی بگڑتی ہوئی صورتحال، مہنگائی اور بے روزگاری سے متعلق آئے روز زمینی حقائق عوام کے سامنے آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت میں بڑے بڑے عہدوں پر فائز بڑے بڑے لیڈران پارلیمنٹ سے لیکر یہاں تک یہاں کے حالات سے متعلق جھوٹے دعوے اور اعلانات کرتے پھرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اور انتظامی کا ناکامی اور نا اہلی کا خمیازہ یہاں کے عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔