کورونا کے تازہ منظر نامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر (سرینگر) محمد اعجاز نے کہا کہ سرینگر ضلع میں کووڈ کے مثبت معاملات کی شرح مئی کے وسط میں 36 فیصد سے کم ہو کر 7.8 فیصد ہوگئی ہے جبکہ شفایابی اور صحت یابی کی شرح میں 83 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ خوش آئند ہے۔
ضلع سرینگر میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 800 مثبت معاملات سرگرم ہیں، وہیں اعجاز اسد نے کہا کہ مسلسل ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کی وجہ سے کورونا کے معاملات میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے تاہم کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع میں 2.80 لاکھ سے زائد ٹارگٹ گروپوں کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے جبکہ پوری آبادی کے ہدف کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایل جی کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ سرینگر نے تمام 21 پنچایتوں میں کووڈ مراکز قائم کیے ہیں، جن میں تمام طبی سازو سامان اور آکسیجن سہولیات کو دستیاب رکھا گیا ہے۔
وہیں طبی اور نیم طبی عملہ کو دیہی علاقوں میں کووڈ 19 پر قابو پانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔