سری نگر: الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے گذشتہ تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر کی7 سیاسی جماعتوں کو رجسٹر کیا ہے جن میں کچھ غیر معروف جماعتیں بھی شامل ہیں۔ ای سی آئی ریکارڈس کے مطابق کمیشن نے سال 2019 سے تمام ضروری لوازمات کی ادائیگی کے بعد جموں و کشمیر کی 7 سیاسی جماعتوں کو رجسٹر کیا ہے۔ New Political Parties In Jammu Kashmir
ان سیاسی جماعتوں میں نیشنل عوامی یونائیٹڈ فرنٹ، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (انڈین)، امن اور شانتی تحریک جموں و کشمیر، وائس آف لیبر پارٹی جموں وکشمیر، حق انصاف پارٹی، جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ اور جموں وکشمیر اپنی پارٹی شامل ہے۔ ان سیاسی جماعتوں میں سے جموں وکشمیر اپنی پارٹی اور جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ معروف جماعتیں ہیں جن کی داغ بیل بالترتیب سابق وزیر سید محمد الطاف بخاری اور آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے ڈالی۔
بتادیں کہ کانگریس سے پچاس برسوں پر محیط رشتہ توڑنے کے بعد غلام نبی آزاد نے پیر کے روز اپنی پارٹی کا اعلان کر دیا جس کا نام انہوں نے ’ڈیموکریٹک آزد پارٹی‘ رکھا ہے۔ یہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین سیاسی پارٹی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Azad announce new political party غلام نبی آزاد نے نئی پارٹی کے نام کا اعلان کیا
نیشنل کانفرنس اور پیپلز کانفرنس جموں وکشمیر کی قدیم ترین سیاسی جماعتیں ہیں جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی داغ بیل سال1999 میں ڈالی گئی۔ اس پارٹی کے بانی سابق مرکزی وزیر داخلہ اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید تھے۔
یو این آئی