سرینگر: پیپلز کانفرنس کے ترجمان عدنان اشرف میر نے ایک بیان میں کہا کہ انصاف کے برعکس بھرتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے نام پر فائنانس اکاؤنٹ اسسٹنٹ کی سلیکشن لسٹ کو روک دیا گیا، اگر انتظامیہ کو اس عمل میں بے ضابطگیوں کا خدشہ ہے تو وہ اس اسکنڈل میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھرتی کے عمل کو ختم کر کے اس معاملے کے متعلق کچھ چھپایا جارہا ہے اور امیدواروں کے مطالبات کے تئیں جموں و کشمیر انتظامیہ کا رویہ سراسر غیر منصفانہ اور نہایت ہی غیر سنجیدہ ہے۔کامیاب امیدوار گزستہ کئی دنوں سے سڑکوں پر سراہا احتجاج کر رہے ہیں اور اس کے باوجود انتظامیہ بے اثر نظر آتی ہے۔
مزید پڑھیں:
پیپلز کانفرنس نے ایل جی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر احتجاج کرنے والے امیدواروں کے مطالبات کا نوٹس لے اور بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنائے۔ یاد رہے کہ ایس ایس بی کی جانب سے فائنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی اسامیوں کے لیے گئے امتحانات میں کامیاب امیدوار انتظامیہ سے تقریری کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم انتظامیہ نے اس معاملے میں دھاندلی کے الزامات کی وجوہات پر اس لسٹ کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔