شوپیان: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میونسپل کونسل شوپیان میں ایک ملٹی پلیکس سنیما کا افتتاح کیا۔ ضلع شوپیاں میں 90 کی دہائی کے بعد پہلی بار آج ایک سینما گھر کا افتتاح کیا گیا جس کا نام 'جادوز' رکھا گیا ہے۔ Jammu and Kashmir Multiplex Cinema
لیفٹیننٹ گورنر نے شوپیان میں ملٹی پلیکس سنیما کا افتتاح کرکے ضلع کے ڈگری کالج میں ایک عوامی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے شوپیان زینہ پورہ روڈ کالج آڈیٹوریم اور دیگر کئی ترقیاتی کاموں کا ای افتتاح کیا اور ایک عوامی جلسہ سے خطاب بھی کیا۔
میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں حالات بالکل سازگار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشن یوتھ کے تحت جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں ملٹی پلیکس سنیما بنانے کا فیصلہ لیا گیا تھا اور سنیما بنانے کا کام جاری ہے اور آج جنوبی کشمیر کے شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں میں دو سنیما گھروں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ منوج سنہا نے بتایا کہ حکومت ہند سیب کے کاشتکاروں کو ہر ممکنہ فائدہ پہنچانے کی کوشاں ہیں۔