وادی میں درمیانی شب کوجہاں میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں وہیں بالائی علاقوں میں تازہ برف باری بھی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 21 جون تک میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر اور لداخ میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ RAIN IN JAMMU AND KASHMIR
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،انہوں نے بتایا کہ بالائی علاقوں بشمول ، گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ کے اوپری پہاڑیوں پر تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی جس سے میدانی علاقوں میں سرد کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں نے ایک دفعہ پھر گرم ملبوسات اور کانگڑی کا استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ ان کے مطابق یونین ٹریٹری لداخ کے ساتھ ساتھ ،امر ناتھ ، گلمرگ کی عفرٹ پہاڑیوں ، زوجیلا پاس ، سونہ مرگ اوردیگر اونچی جگہوں پر درمیانی شب کو تازہ برف باری ہوئی ہے۔ گرمائی راجدھانی سری نگر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 16.9ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 12.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 36.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت 3.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ چوبیس گھنٹون کے دوران 15.9ایم ایم بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
گیٹ آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 23.4 ملی میٹر بارش ریکاڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 10.0ریکارڈ کیا گیا،لداخ کے دراس میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 4.2، لہیہ میں 5.2اور کرگل میں 10.2ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا،دریں اثنا سرمائی دارلخلافہ جموں میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 19.7ریکارڈ ہوا۔کٹرہ میں 18.2، بٹوٹ میں 10.3، بانہال میں 9.6اور بھدرواہ میں 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یو این آئی
- مزید پڑھیں:کشمیر: بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع