یہ تصادم جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ہتھلنگو سوپور میں وقوع پذیر ہوئے۔
اگرچہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے دہرونہ نامی گائوں میں بھی عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم یہاں سے عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ریاستی پولیس کے مطابق ضلع پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ میں مارے گئے تینوں عسکریت پسند 'حزب المجاہدین' کے ساتھ وابستہ تھے۔
پولیس نے ان کی شناخت شوکت ڈار ساکنہ پنز گام اونتی پورہ، عرفان وار ساکنہ واڈورہ پائین سوپور اور مظفر شیخ ساکنہ ٹہاب پلوامہ کے بطور ظاہر کی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی علی الصبح تلاشی کاروائی شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی کاروائی کے دوران طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں تین عسکریت پسند مارے گئے۔