جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں دیر رات آتشزدگی کا معاملہ پیش آیا ہے۔ آگ کی زد میں آنے سے دکان خاکستر ہوگئی اور لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئی۔
اطلاع کے مطابق رات کے تقریبا تین بجے دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ جب وہاں پر موجود لوگوں نے دکان سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن جب وہ آگ پر قابو نہیں پاسکے تو انہوں نے فائر بریگیڈ کو فوری طور پر اطلاع دی۔ آگ کے شعلے انتے زیادہ خطرناک تھے کہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو آگ کو قابو کرنے کے لیے کافی مشقت کرنی پڑی۔
محکمہ فائر بریگیڈ کے وقت پر پہنچنے سے وہاں موجود دیگر دکانوں کے ساتھ ساتھ کچھ رہائش گاہوں کو بھی نقصان ہونے سے بچایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی تھی لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
متاثرین نے کہا کہ انہیں رات کے چار بجے اس واردات کی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں یہ خبر دی گئی تو ان کے پاؤں سے زمین جیسے کھسک گئی ہو۔ متاثرین کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں نقصان کا معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی مدد ہو سکے۔
واضح رہے جس دکان میں آگ لگی ہے وہ ایک ہول سیل کرانہ کی دکان ہے اور وہاں پر رکھا سامان ایسا ہے جو آسانی سے آگ کی زد میں آجاتا ہے جس کی وجہ سے جب آگ لگی تو دکان کے اندر ایک دھماکہ بھی ہوا اور دکان کا شٹر بھی اکھڑ گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ دکان بس اسٹاپ کے قریب ہے اور کوئی نہ کوئی سڑک سے گزرتا ہے، لیکن اگر یہ آگ دوسری جگہ لگی ہوتی تو اسکے آس پاس کافی تباہی مچ گئی ہوتی۔