جموں و کشمیر کے سب ضلع ترال میں کورونا کی وبا شدید شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔ اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے سٹیزن ترال کے سربراہ فاروق احمد ترالی سے خصوصی بات چیت کی۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے قہر کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر نافذ کرنا اور سرویلنس ٹیموں کو متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماہرین صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے دو تین ہفتوں میں کورونا کی اس دوسری لہر کا پیک آسکتا ہے اور اس لیے لوگوں کو از حد احتیاط کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ رہنما خطوط کی پاسداری سے ہی اس بیماری کی زنجیر کو توڑا جا سکتا ہے۔
فاروق ترالی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ساری ذمہ داری انتظامیہ پر نہ ڈالے بلکہ اس مہلک بیماری سے بچنے کے لیے بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
انہوں نے گزشتہ دنوں ڈاڈسرہ سمیت کئی مقامات پر کورونا مثبت افراد کے کھلے عام گھومنے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انتظامیہ اور سرویلنس ٹیموں پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں خاموشی نہ اپنائیں بلکہ ٹھوس اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاڈسرہ ترال میں لوگوں نے کورونا مثبت افراد کے کھلے عام گھومنے پر احتجاج درج کیا تھا۔