جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی والدہ گلشن نذیر آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے راج باغ دفتر پر مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں حاضر ہوئیں۔ ان کے ہمراہ ان کی دختر محبوبہ مفتی بھی تھیں۔ ای ڈی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کے تحت گلشن نذیر کو طلب کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل اپریل اور جولائی میں ای ڈی نے محبوبہ مفتی کی والدہ کو طلب کیا تھا لیکن وہ پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے دفتر میں حاضر نہیں ہوئی تھیں۔
اپریل ماہ میں گلشن نذیر نے ای ڈی کو کورونا وائرس کا حوالہ دیا تھا جب کہ جولائی میں پی ڈی پی نے ای ڈی کو گلشن نذیر کو طلب کرنے کی وجوہات یا الزامات واضح کرنے کو کہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دو سمن پر محبوبہ مفتی اور پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کے لیڈران نے مذمت کی تھی۔
اس حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "حکومتِ ہند سیاسی مخالفین کو ڈرانے کے لیے ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے۔ والدہ کو سمن اسی لیے بھیجا گیا کیونکہ پی ڈی پی نے حدبندی کمیشن سے ملنے سے انکار کردیا ہے۔"
مزید پڑھیں:ED summon: محبوبہ مفتی کی والدہ ای ڈی کے روبرو پیش
انہوں نے مزید کہا کہ رواں ماہ کی 5 اگست کو پی ڈی پی نے پُرامن احتجاج نکالا تو ای ڈی کی جانب سے سمن آیا۔
محبوبہ مفتی نے میڈیا کو بتایا کہ بی جے حکومت تحقیقاتی ایجنسیز کو سیاسی حریفوں کے خلاف بطورِ انتقام استعمال کررہی ہے۔