سرینگر: سرینگر میں اپنی پارٹی کے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا ہے کہ کوئی بھی سماج خواتین کو منصوبہ بندی اور تعمیر و ترقی میں شریک کیے بغیر ایک متمدن معاشرہ نہیں بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہتر اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر و تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کو سماجی، معاشی، تعلیمی اور سیاسی لحاظ سے با اختیار بنایا جائے۔
اپنی پارٹی کے زیر اہتمام سے آج سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں خواتین کنونشن کا انعقاد ہوا جس میں پارٹی کی خواتین ونگ کے کارکنان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔Apni Party Women Convention in Srinagar
الطاف بخاری نے کہا تاریخ کے تجربے کی روشنی میں دُنیا بھر کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ کوئی بھی انسانی معاشرہ تب تک ترقی نہیں کرسکتا ہے، جب تک اس کی خواتین کو معاشرے میں یکساں حقوق حاصل نہ ہوں۔ اس لحاظ سے ہمیں بھی جموں کشمیر میں خواتین کو اُن کے حقوق فراہم کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ کئی دہائیوں کے ناسازگار حالات کے دوران ہماری ماؤں بہنوں کو طرح طرح کی مصیبتوں اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس لیے اب ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنی ماؤں اور بہنوں کی آنکھوں سے اٗن کے آنسو پوچھیں۔ ہمیں اُن کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی اور اس کا بہترین طریقہ یہی ہوگا کہ ہم اُنہیں سماجی، تعلیمی، سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنائیں اور انہیں ان کے حقوق فراہم کریں۔
مزید پڑھیں:
الطاف بخاری نے مزید کہا وہ لڑکیوں کی شادیوں کے لیے ان کی مالی معاونت کی موجودہ سکیم کو بہتر بناتے ہوئے معاوضے کو فی کس پچاس ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردیں گے اور بیواؤں کی ماہانہ پینشن کو موجودہ ایک ہزار روہے سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کر دیں گے۔ جبکہ فی کنبے کو سالانہ چار سلینڈروں کا گیس مفت فراہم کرائیں گے۔