ایک اہم فیصلے کے تحت جموں وکشمیر انتظامیہ نے محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن محکمے کے صف اول کے ملازمین کی خاطر خصوصی مالی مراعات کی منظوری دے دی ہے۔
اس سلسلے میں فائنانس کمشنر صحت و طبی تعلیم کی جانب سے باضابط ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ،میڈیکل افسران ،پیرا میڈیکل ،نرسنگ عملہ ،ڈرائیوروں اور درجہ چہارم کے ملازمین سمیت 17ہزار سے زائد کووڈ واریئرز کو فائدہ ہوگا۔
یہ مراعات ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ،پی جی اور میڈیکل افسران کے لئے دس ہزار روپے ماہانہ ،نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لئے 7ہزار روپے ماہانہ ،ڈرائیور، صفائی ملازمین اور اٹنڈنٹس کے لئے 5ہزار روپے ماہانہ ہوگی۔
اس مراعات کی مدت ابتدائی طور پر 3ماہ کے لئے ہوگی اور مئی 2021 سے اس کی ادائیگی کی جائے گی۔
حکم نامے کے مطابق کوروناوائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے سکمز صورہ، سکمزبمنہ اور گورنمنٹ میڈیکل کالج میں 31مئی 2021سے نومبر 2021تک سبکدوش ہونے والے فیکلٹی ممبرز،کنسلٹنٹز اور ایس کے آئی ایم ایس میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے حق میں 31دسمبر 2021تک ملازمت کی مدت میں بھی توسیع کو منظوری دے دی ہے۔