ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے کھادر علاقے میں سماجی تنظیم سمرپن کی جانب سے آج ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران معاشرہ میں پھیل رہی مختلف بیماریوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، صاف صفائی اور پانی کی حفاظت کے مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی تنظیم سمرپن کے زیر اہتمام گاؤں کروندی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کی بانی اور اتر پردیش حکومت میں سابق وزیر رہے آنجہانی راجندر رانا کی بیٹی پریم ودا رانا نے کہا کہ آزادی کے ستر برسوں کے بعد بھی کھادر علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے، اس علاقہ میں بجلی، پانی ،سیلاب جیسے مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں۔
انہوں نے کہا 'تنظیم کے ذریعہ سے اس علاقہ کے مسائل کو حکومت و انتظامیہ تک پہنچا کر ان کا حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔ ہمیں اپنے بیٹوں کے ساتھ ساتھ بیٹیوں کو بھی ہائر اور موڈرن ایجوکیشن دلانی چاہئے، تاکہ لڑکیاں بھی ملک کی ترقی میں اپنا تعاون پیش کر سکیں'
انہوں نے کہا 'ایک بیٹی کو پڑھانے سے دو گھرانے تعلیم یافتہ بنتے ہیں اور آج کے اس دور میں لڑکیاں بھی لڑکو ں کے برابر ہر شعبہ میں اپنے جوہر دکھا رہی ہیں۔ اس لئے ہمیں لڑکیوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے'۔
یہ بھی پڑھیے
کھیلو انڈیا: گلمرگ میں چوتھے روز مختلف مقابلے جاری
پروگرام کے کنوینر چینو رانا نے کہا 'ہماری تنظیم کا مقصد علاقہ کی ترقی میں تعاون کرنا ہے اور یہاں کے مسائل کو انتظامیہ تک پہنچاکر اس کو حل کرانا ہے۔ ہمیں صاف صفائی کے ساتھ ساتھ صحت کے سلسلہ میں بھی عوام کو بیدار کرنا ہوگا'۔
پروگرام کے دوران انہوں نے علاقہ میں پانی کی کمی اور ہر سال گرمیوں میں لگنے والی آگ کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی، اس موقع پر علاقہ کے سرکردہ افراد موجود رہے۔