بھارت میں کورونا وائرس وبا کے دوران دیگر ممالک سے آنے والے کچھ افراد پر ویزے کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ افراد تبلیغی جماعت کے پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس کے بعد مرکز میں شامل ہونے والے کئی افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔
سہارنپور پولیس نے بھی ٹورسٹ ویزا پر آئے کچھ ایسے جماعتیوں کو گرفتار کر ان کی کورونا جانچ کرائی ہے۔ ان کو ایک اسپیشل جیل بنا کر اس میں قید کیا گیا ہے۔ اس میں کچھ جماعتی کرغیستان کے بھی ہیں۔ وہیں کرگستان کے سفیر جماعتیوں سے ملنے کے لیے بھارت میں اتر پردیش کے سہارنپور ضلع پہنچے۔
سہارن پور ضلع جیل سپریٹنڈینت ڈاکٹر ویریش راج شرما نے بتایا کہ 'ضلع جیل سہارنپور میں کرگستان کے سفیر، وکیل اور سکریٹری آئے تھے۔ ان لوگوں نے کرغیستان کے 21 جماعتیوں سے ملاقات کی ہے۔
سفیر نے جیل میں تبلیغی جماعت کے اراکین سے مل کر ان کو یہ یقین دہانی کرائی کہ جتنے بھی اراکین سہارنپور جیل میں قید ہیں ان کو جلد ہی آزاد کرا کر کرغیستان لے جایا جائے گا۔ حکومت سے ان کی بات چل رہی ہے۔
خیال رہے کہ سہارنپور ضلع جیل میں 57 تبلیغی جماعت کے اراکین قید ہیں، جس میں سے 21 کرغیستان سے تعلق رکھتے ہیں۔